گذشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفینس میں اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغرعلی کی لاش ملنے کے واقعے میں نیا موڑ آ گیا، حمیرا کی بہن اور بہنوئی نے لاش وصولی کے لیے کراچی پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب اداکارہ حمیرا اصغر کیس میں دل دہلا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفینس میں اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ والد اور بھائی کی جانب سے لاش لینے سے انکار اور لاتعلقی کے بعد حمیرا کی بہن اور بہنوئی نے رحم دکھاتے ہوئے لاش وصول کرنے کے لیے گزری پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔
اداکارہ حمیرا اصغر کیس میں دل دہلا دینے والا انکشاف
دوسری جانب اداکارہ حمیرا اصغر کیس میں دل دہلا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ پولیس نے حمیرا کے موبائل فون کے ڈیٹا کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ وہ اکتوبر 2024 کے بعد کسی سے رابطے میں نہیں تھیں۔ موبائل نمبرسے آخری کال ستمبر میں کی گئی۔
لاش ایک دو ہفتے نہیں بلکہ چھ مہینے پرانی نکلی۔ فلیٹ کی بجلی بھی چار ماہ قبل منقطع ہو چکی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق حمیرا اصغر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اگلے 48 گھنٹوں میں ملنے کی توقع ہے۔
منافقت سے تنگ، اپنوں کی محبت سے مطمئن حمیرا اصغر کا آخری انٹرویو وائرل
واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں واقع فلیٹ سے شوبز سے وابستہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی شناخت 35 سالہ حمیرا اصغر علی کے نام سے کی گئی جس کا تعلق شوبز تھا اور وہ مذکورہ فلیٹ میں اکیلی ہی رہائش پذیر تھی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو قبضے میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا گیا۔
اداکارہ حمیرا اصغر کی ناگہانی موت پر فنکار برادری افسردہ
ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی کے مطابق متوفیہ اداکارہ کے اہل خانہ سے رابطے کی کوششیں کی گئیں۔ حمیرا اصغر کے والد سے بات ہوئی ہے تاہم انہوں نے کراچی آنے سے انکار کر دیا۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ حمیرا کے والد کو سمجھایا ہے کہ لاش وصول کریں، تاہم، والد نے دوبارہ پولیس نے رابطہ نہیں کیا۔
فاروق سنجرانی کے مطابق والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے کافی عرصہ قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا۔ پولیس نے مزید پیش رفت کرتے ہوئے اداکارہ کے بھائی کا نمبر حاصل کیا اور اس سے رابطے کیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کی آج نیوز سے خصوصی گفتگو
قبل ازیں، سینئیر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ مظہور علی نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حمیرا اصغر کا اپنے مکان مالک سے کرایے کا تنازعہ چل رہا تھا اور انہوں نے سال 2024 سے اب تک کرایہ ادا نہیں کیا تھا۔
آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی نے بتایا کہ عالتی حکم کے بعد جب بیلیف فلیٹ میں داخل ہوا تو حمیرا کی لاش دریافت ہوئی۔ لاش تقریباً 40 فیصد تک مسخ ہو چکی تھی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری — موت کی وجہ تاحال غیر واضح
متوفی حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی جاری کی گئی، ج کے مطابق موت کی وجہ تاحال غیر واضح ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق لاش گلنے سڑنے (ڈی کمپوزیشن) کے آخری مراحل میں ہے جس کی وجہ سے فوری طور پر موت کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی جا سکتی۔
پولیس سرجن نے بتایا کہ خاتون کی لاش کا ابتدائی میڈیکل معائنہ کیا گیا مگر لاش اس قدر مسخ ہو چکی ہے کہ ظاہری معائنے سے موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وجہ موت کو ریزرو کرلیا ہے اور اس کا انحصار مزید لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹس پر ہے۔
ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق خاتون کے جسم سے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزیمن کے لیے ضروری سیمپلز لے لیے گئے ہیں، جنہیں تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ ان ٹیسٹوں کے ذریعے نہ صرف موت کی ممکنہ وجہ سامنے آئے گی بلکہ یہ بھی پتہ چلایا جا سکے گا کہ آیا خاتون نے کسی قسم کی منشیات یا زہریلی اشیاء کا استعمال کیا تھا۔