الٹرا وائیلٹ شعاعوں سے الرٹ کرنے والا اسکِن فون کیس

0 minutes, 1 second Read

کیا آپ نے کبھی ایسا فون کیس دیکھا ہے جو صرف نرم و ملائم ہی نہیں بلکہ بالکل انسان کی جلد جیسا محسوس ہوتا ہو؟ اور حیرت انگیز بات یہ کہ وہ سورج کی روشنی میں جل بھی جائے؟ جی ہاں، ٹیکنالوجی کی دنیا میں نت نئے تجربات کا سلسلہ جاری ہے اور اس بار سائنسدانوں نے ایک ایسا فون کور تیار کیا ہے جسے دیکھ کر اور چھو کر آپ کو انسان کی جلد کا گمان ہوگا۔

یہ عجیب و غریب مگر ذہانت سے بھرپور ایجاد ’مارک تیسیر‘ نامی محقق نے Virgin Media O2 کے تعاون سے تخلیق کی ہے۔ ’اسکن کیس‘ نہ صرف ظاہری طور پر انسانی جلد جیسا دکھائی دیتا ہے بلکہ UV شعاعوں سے متاثر ہو کر بالکل اصل جلد کی طرح سرخ یا جلے ہوئے رنگ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اس ایجاد کا مقصد صرف چونکانا نہیں بلکہ لوگوں کو سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے آگاہ کرنا ہے۔

فون کیس یا کور کیوں جلتا ہے؟

مارک تیسیر نے اس پروجیکٹ کا آغاز اس وقت کیا جب ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ لوگ دن بھر کئی بار موبائل چیک کرتے ہیں، لیکن اتنی بار سن بلاک یا سن اسکرین لگانے کا خیال نہیں رکھتے۔ اس لیے انہوں نے ایک ایسا فون کیس تیار کیا جو سورج کی شعاعوں سے جلے، تاکہ صارف کو ہر بار فون دیکھنے پر یہ یاد دہانی ہو کہ جلد کی حفاظت ضروری ہے۔

اس فون کیس کی ساخت میں سلیکان، الٹرا وائیلٹ ری ایکٹو مواد، اور نرم لچکدار فلیمینٹس استعمال کیے گئے ہیں تاکہ یہ بالکل جلد جیسا محسوس ہو۔ تھری ڈی پرنٹنگ، ہاتھ سے تراشے گئے نقوش اور جھریاں اس کے قدرتی ہونے کا گمان دلاتے ہیں۔ اس کیس کو تین مختلف رنگوں کی جلد میں بنایا گیا ہے تاکہ ہر شخص اپنی جلد کے مطابق کیس منتخب کر سکے۔

اس جدید کیس کے ذریعے صارف کو نہ صرف ٹیکنالوجی کا نیا تجربہ ہوتا ہے بلکہ یہ سن اسکرین کے استعمال کی اہمیت کا عملی مظاہرہ بھی ہے۔ جب کیس پر سورج کی تیز روشنی پڑتی ہے اور اس کا رنگ بدلنے لگتا ہے تو صارف کو یہ احساس ہوتا ہے کہ یہی کچھ اس کی جلد کے ساتھ بھی ہو رہا ہوگا۔

کیا یہ فروخت کے لیے دستیاب ہے؟

فی الحال اسکن کیس ایک پروٹوٹائپ (یعنی تجرباتی نمونہ) ہے اور عوام کے لیے فروخت کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ تاہم، مستقبل میں اس کی تجارتی پیداوار ممکن ہے، خاص طور پر اگر اسے صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جائے۔

مارک تیسیر اس سے پہلے بھی مصنوعی جلد کی ٹیکنالوجی پر کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2019 میں ایک ایسا فون کور بنایا تھا جسے چھونے پر وہ انسانی لمس کا ردعمل دیتا تھا۔ ان کا مقصد ہمیشہ ڈیجیٹل دنیا اور جسمانی حقیقت کے درمیان ایک انسانی رشتہ قائم کرنا رہا ہے۔

جدید سائنس اور اختراعی ذہن کس طرح انسانوں کی فلاح و بہبود اور شعور بیدار کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بہت ممکن ہے یہ ایجاد کچھ لوگوں کو عجیب یا خوفناک لگے، لیکن اگر یہ کسی کو جلد کے سرطان سے بچا سکے تو یہ تجربہ قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہے۔

Similar Posts