قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بابر اعظم کے ٹیم میں کھیلنے سے متعلق اہم بیان دے دیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ بابر اعظم سے وکٹ کیپنگ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، وہ بطور اوپنر ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، اگر وہ ٹیم میں جگہ بنائیں گے تو صائم یا فخر کے ساتھ کھیلیں گے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ سیریز کے سلسلے میں کیمپ لگایا گیا ہے، کچھ چیزوں پر ہم کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ایک ہفتے تک ہمارا کیمپ جاری رہے گا۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم وکٹ کیپنگ کے آپشن میں شامل نہیں ہیں، بہت سی باتیں اس حوالے سے گردش میں ہیں، بابر اعظم بطور اوپنر ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے کام کررہا ہے۔ فخر زمان اور صائم ایوب اوپنر کے آپشنز ہیں۔

حسن علی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ حسن علی ویسٹ انڈیز میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے، حسن علی بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، ریگولرفاسٹ بولرز کی غیر موجودگی میں ہم نے دیگرکوموقع دیا ہے، ایسے کھلاڑی کو زیادہ موقع دیا جائے گا جو انٹرنیشنل پلان پر پورا اترتے ہوں گے، سلمان مرزا کو حسن علی کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔

مائیک ہیسن کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کلاس بولر ہیں، حارث روف انجری کی وجہ سے ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بلے باز کو یہ نہیں کہا کہ 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلیں، اگر ہم ٹی 20 میں پیچھے ہیں اس کی وجہ ہماری بیٹنگ ہے، مارڈرن ڈے کرکٹ میں آپ کو تیز کھیلنا ہوتا ہے۔

Similar Posts