نجی ائرلائن ائر سیال کا انوکھا کارنامہ ۔ لاہور سے کراچی کے ڈومیسٹک مسافر کو پاسپورٹ اور ویزے کے بغیر ہی جدہ پہنچا دیا، پاکستان ائیرپورٹ سیکورٹی حکام نے واقعے کا نوٹس لے کر ریگولیٹر سول ایویشن اتھارٹی اور اسٹیشن مینیجر کو خط لکھ دیا۔
ایئر سیال کی مبینہ غفلت کے باعث ایک مسافر کو جو لاہور سے کراچی پہنچ چکا تھا، دوبارہ اسی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جدہ واپس بھیج دیا گیا۔ واقعے پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیرسیال کے اسٹیشن مینیجر کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا ہے۔
مسافر ملک شاہ زین کے مطابق پرواز روانہ ہوئی تو اندازے سے اسے سوا گھنٹے میں کراچی پہنچ جانا تھا۔ سوا گھنٹہ، ڈیڑھ گھنٹہ اور پھر دو گھنٹے تک جہاز مسلسل پرواز کرتا رہا، لینڈنگ نہ ہوئی تو اسے تشویش ہوئی، اس نے عملے سے پوچھا کہ دو گھنٹے گزر گئے جہاز کراچی میں کیوں نہیں اترا؟ جس پر عملے کو تشویش ہوئی اور انہوں نے اس کا بورڈنگ پاس دیکھا تو وہ لاہور سےکراچی کی پرواز کا تھا۔ جس پر عملے میں کھلبلی مچ گئی تاہم اب کچھ نہیں کیا جاسکتا تھا کیونکہ جہاز پاکستان کی فضائی حدود سے گزر چکا تھا لہٰذا مسافر کو جدہ اتارا گیا، وہاں پر بھی مسافر سے پوچھ گچھ کی گئی۔
مسافرکو واپس 8 جولائی کو جدہ سے لاہور کی پرواز میں سوار کرکے واپس لاہور پہنچایا دیا گیا، جہاں پر امیگریشن اور دیگر حکام نے پوچھ گچھ کی مگر قصور مسافر کا نہ تھا، جس پر مسافر کو 8 جولائی کو لاہور سے کراچی کی پرواز پی ایف 146 میں سوار کرا کر دو دن بعد منزل تک پہنچا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ مسافر ایئرسیال کی ایک پرواز کے ذریعے لاہور سے کراچی پہنچا تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اسے ائیرسیال کی ہی دوسری پرواز سے دوبارہ جدہ پہنچا دیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ سنگین نوعیت کی انتظامی غفلت ہے جس پر ائیرلائن کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ اتھارٹی نے ائیرلائن پر بھاری جرمانے کی بھی سفارش کی ہے۔
مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ واقعہ سیکیورٹی، گراؤنڈ اسٹاف یا ائیرلائن کی اندرونی کوتاہی کی وجہ سے پیش آیا۔