لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے، دو ڈاکو ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

لاہور کے علاقوں کاہنہ اور شادباغ میں دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ سی سی ڈی پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ڈکیتی، چوری، شاپ رابری اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

پہلا مبینہ مقابلہ شادباغ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس نے زیرِ حراست ملزم دلشاد کو واردات کی نشاندہی کے لیے لے جایا۔ سی سی ڈی ترجمان کے مطابق اس دوران ڈاکو کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ملزم دلشاد زخمی ہو گیا اور اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔

سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم دلشاد لاہور پولیس کو 170 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا اور اسے ایک انتہائی خطرناک ملزم قرار دیا گیا تھا۔

دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آیا، جہاں زیرِ حراست ملزم روحیل مسیح عرف سنی کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ اس دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم روحیل مسیح اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے مارا گیا۔

سی سی ڈی کے مطابق روحیل مسیح بھی پولیس کو متعدد ڈکیتی، چوری، شاپ رابری اور پولیس مقابلوں کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ دونوں ملزمان کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

Similar Posts