پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کے لیے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج کے پی ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب اراکین یعنی ایم این ایز اور ایم پی ایز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد جاری احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی قیادت احتجاجی تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے اراکین اسمبلی سے تجاویز بھی طلب کرے گی۔ پارلیمانی رہنما اجلاس کے دوران ملکی سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے اور احتجاجی مرحلے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے۔
یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے ملک بھر میں احتجاجی سرگرمیوں کو دوبارہ منظم کرنے کے اشارے دیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آج لاہور پہنچیں گے، اہم مشاورتی اجلاس شیڈول
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور آج شام لاہور پہنچیں گے، جہاں ان کی مصروفیات کا سلسلہ متعدد اہم سیاسی ملاقاتوں اور مشاورتی اجلاسوں پر مشتمل ہو گا۔ ذرائع کے مطابق وہ لاہور میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سے خصوصی ملاقات کریں گے۔
دورہ لاہور کے دوران علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اور پنجاب اسمبلی کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی زیر قیادت جاری آزادی کی تحریک کو پنجاب میں منظم اور فعال بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لاہور میں پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس کے بعد ان کے اعزاز میں ایک عشائیہ نجی فارم ہاؤس میں دیا جائے گا۔ عشائیہ میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ آزادی تحریک کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔