وزیراعظم کی صدر زرداری کے استعفے اور آرمی چیف کے صدارتی عزائم کی خبروں کی سختی سے تردید

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف نے ان افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے استعفیٰ طلب کیا جا سکتا ہے یا چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر صدارتی عہدہ حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

نجی انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے ان خبروں کو ”محض قیاس آرائیاں“ قرار دیا اور کہا کہ ان میں کوئی صداقت نہیں۔

اپوزیشن کے پاس ایک ممبر بھی زیادہ ہوا تو تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر نہیں کی، نہ ہی ایسی کوئی منصوبہ بندی زیر غور ہے۔‘

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان کی، صدر زرداری کی اور آرمی چیف کی باہمی رفاقت احترام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پر مبنی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں ان خبروں کو ”شرپسندانہ مہم“ قرار دے چکے ہیں، جن میں صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا تھا ’ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس مہم کے پیچھے کون ہے۔ میں واضح طور پر کہہ چکا ہوں کہ صدر سے استعفیٰ لینے یا آرمی چیف کے صدارتی عزائم پر نہ کوئی بات ہوئی ہے، نہ ایسا کوئی ارادہ موجود ہے۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ اس منفی بیانیے میں دشمن غیر ملکی عناصر کا ہاتھ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’ایسے عناصر جو دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جو چاہیں کریں، لیکن ہم پاکستان کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے جو ضروری ہوگا، وہ ضرور کریں گے، ان شاءاللہ۔‘

صدر آصف علی زرداری کے استعفے کی افواہیں بے بنیاد اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازش ہیں: شیری رحمان

چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی ان افواہوں کو ”بے بنیاد پروپیگنڈا“ قرار دیا۔

Similar Posts