خیبرپختونخوا کے سرکاری اداروں کی درجنوں گاڑیاں لاپتہ، محکمے لاعلم

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا کے اہم سرکاری اداروں کی درجنوں قیمتی گاڑیاں پُراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی ہیں جبکہ متعلقہ محکمے ان کی موجودگی یا استعمال سے مکمل لاعلم نکلے۔ لاپتہ گاڑیوں میں پک اپس، جیپس، وینز اور موٹرسائیکلز شامل ہیں، جو مختلف سرکاری منصوبوں کے لیے مختص کی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق گمشدہ گاڑیوں کا تعلق محکمہ زراعت، فنانس، نیشنل بینک، اور لائیوسٹاک سمیت دیگر اہم اداروں سے ہے۔ سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ متعدد گاڑیاں سرکاری ریکارڈ سے ہی غائب ہیں، یعنی ان کا کوئی باضابطہ اندراج موجود نہیں یا فہرستوں سے نکال دیا گیا ہے۔

محکموں نے گاڑیوں کی تلاش کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے مدد طلب کر لی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ضم اضلاع میں پراجیکٹس کے لیے دی گئی کچھ گاڑیاں بندوبستی علاقوں میں استعمال ہو رہی ہیں، جبکہ ان کے استعمال کی قانونی اجازت موجود نہیں۔

سیکرٹری لائیواسٹاک نے اس سنگین بے ضابطگی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور غفلت یا بدنیتی ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاپتہ گاڑیوں کا اسکینڈل وسیع پیمانے پر بدعنوانی اور سرکاری املاک کے غیر قانونی استعمال کی طرف اشارہ کرتا ہے، جس پر مزید انکشافات متوقع ہیں۔

Similar Posts