اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ، اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے باہر سے تحریک انصاف کے چارکارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ، گرفتار کیے گئے 4 کارکنان کیس کی سماعت کے بعد کچہری سے باہر نکلے تھے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد موقع پر پہنچے اورانہیں اپنے ساتھ لے گئے
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 کارکنان کو کچہری کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاریاں تھانہ رمنا میں درج مقدمے کی بنیاد پر کی گئیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے استغاثہ کے گواہان پر جرح کی گئی۔
دورانِ سماعت وکلائے صفائی نے آئندہ تاریخ پر مزید گواہوں پر جرح کرنے کا عندیہ دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 جولائی 2025 تک ملتوی کر دی ہے۔
ادھر عدالتی کارروائی کے بعد کچہری کے احاطے میں موجود پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی کے چار کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ان کارکنوں پر تھانہ رمنا میں درج مختلف دفعات کے تحت مقدمات موجود ہیں۔
عدالتی احاطے میں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے وکلاء اور رہنماؤں کی جانب سے ممکنہ قانونی ردِعمل متوقع ہے۔