کراچی کے تاریخی فریئر ہال سے جنگ عظیم کی نایاب یادگاریں اور قیمتی اشیا چوری کا مقدمہ درج

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں تاریخی حیثیت رکھنے والے فریئر ہال سے جنگ عظیم کی یادگار اور نایاب شیلڈ چوری کرلی گئی، جس کا مقدمہ تھانہ آرٹلری میدان میں درج کرلیا گیا۔ تاریخی فریئر ہال میں چوری اور تجاوزات کی روک تھام کے لیے پولیس نے میونسپل کمشنر کو مراسلہ لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ تجاوزات کو ختم اور کیا جائے اور سٹی وارڈن کو تعینات کیا جائے۔

واقعے کی اطلاع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ پارکس کی مدعیت میں تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق آفس بند ہونے کے دوران نامعلوم شخص یا اشخاص نایاب اشیاء چوری کرکے لے گئے۔ چوری ہونے والی اشیاء میں جنگ عظیم کی پانچ نایاب شیلڈز، کیبل، کاپر، ڈی وی ڈی پلیئر، اسپیکر اور دیگر قیمتی سامان شامل ہے۔

شکایت کنندہ کے مطابق دفتر کھولنے پر پتا چلا کہ متعدد قیمتی اشیاء غائب ہیں اور اس حوالے سے ابھی تک کسی قسم کا سراغ نہیں مل سکا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ چوری شدہ تاریخی اور قیمتی نوادرات کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

تاریخی فیریئر ہال میں چوری، پولیس کا کمشنر میونسپل کارپوریشن کو خط

دوسری جانب کراچی کے تاریخی فیریئر ہال میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر پولیس نے کمشنر میونسپل کارپوریشن کو خط ارسال کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فیریئر ہال میں باقاعدہ پارکنگ ایریا نہ ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

کراچی: کے ایم سی دفتر میں چوری، نایاب جنگی شیلڈ اور قیمتی اشیاء غائب، سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے

مراسلے کے مطابق فیریئر ہال میں قائم اسٹالز اور پتھاروں کی موجودگی اور سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے سے وارداتیں بڑھ رہی ہیں۔ پولیس نے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ ایریا مختص کیا جائے، سٹی وارڈن کی تعیناتی یقینی بنائی جائے اور اسٹالز و پتھاروں کو ختم کیا جائے۔

مزید کہا گیا کہ پارک کی حدود میں سیکیورٹی وارڈن تعینات کیے جائیں، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور وارڈنز کا گشت بڑھایا جائے تاکہ مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکے۔ پولیس نے پارک انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن پر بھی زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ شہر کے تاریخی مقام فریئر ہال سے جنگ عظیم کی نایاب شیلڈز، یادگاریں اور قیمتی سامان چوری ہو گیا۔ واردات کا انکشاف محرم الحرام کی تعطیلات کے بعد ہوا، جب دفتر کھولا گیا تو ڈی جی آفس کی عقبی کھڑکی ٹوٹی ہوئی پائی گئی۔

Similar Posts