ہمارے خلاف ریاستی جبر و فسطائیت کا مظاہرہ ہو رہا ہے،عامر ڈوگر

0 minutes, 0 seconds Read

آج نیوز کے پروگرام ”رو برو“ میں پی ٹی آئی سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے آئندہ سیاسی تحریک اور ملکی مسائل پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ عامر ڈوگر نے اگست میں بڑی ملک گیر تحریک کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اور سینیٹر کامران مرتضٰی نے بھی آج نیوز کے پروگرام میں گفتگوکی اور پروگرام کے میزبان شوکت پراچہ کے سوالوں کے جواب دیے۔

آج نیوز کے پروگرام ”رو برو“ میں ملک کی سیاسی صورتحال پر اہم گفتگو ہوئی۔ تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کا اہم اجلاس آج ہوگا جبکہ کل پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اگست میں بڑی اور ملک گیر تحریک شروع کرنا چاہتے ہیں، یہ تحریک جمہوری اور آئینی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف ریاستی جبر اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے مگر ہم اپنی جدوجہد پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ مسائل کا حل صرف سیاسی مذاکرات میں ہے، گولی اور تشدد سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ ہم پر گولیاں برسائی گئیں مگر نظریہ کبھی نہیں مرتا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر سیاستدان قمر زمان کائرہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہر جماعت کا آئینی حق ہے مگر اس کی کچھ حدود اور اخلاقی دائرہ ہونا چاہیے۔

آج نیوز کے پروگرام ”رو برو“ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتوں کو بیٹھ کر بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔

جے یو آئی ف کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں دھاندلی ہوئی ہے، اگر کچھ حلقے کھول دیے جائیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

کامران مرتضٰی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا ماضی تلخیوں سے خالی نہیں، مگر جمہوری عمل کو آگے بڑھانا سب کی ذمہ داری ہے۔

Similar Posts