ایئرفون پلگ پر موجود رنگز: آخر یہ دائرے کیا بتاتے ہیں؟

0 minutes, 1 second Read

جب بھی ہم کانوں میں ایئرفون لگاتے ہیں تو ہمارا دھیان عام طور پر صرف آواز کے معیار پر جاتا ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ ہیڈفون کے پلگ پر موجود چھوٹے چھوٹے دائرے یا لکیریں آخر کس لیے ہوتی ہیں؟ ان دائرے نما رنگز کا ہونا محض اتفاق نہیں بلکہ یہ ایک مکمل سسٹم کی نشاندہی کرتے ہیں جو یہ طے کرتا ہے کہ ہیڈفون صرف آواز سنائے گا یا مائیک اور کنٹرولز جیسی اضافی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔

ایئرفون جیک پر موجود رنگز: آخر یہ دائرے کیا بتاتے ہیں؟

جب آپ اپنے کانوں میں ایئرفون لگاتے ہیں تو شاید آپ نے کبھی غور کیا ہو کہ اس کے پلگ پر ایک، دو یا تین چھوٹے چھوٹے دائرے (rings) بنے ہوتے ہیں۔ یہ صرف ڈیزائن کا حصہ نہیں بلکہ بہت اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ یہ دائرے آخر کیا معنی رکھتے ہیں اور ہر رنگ کی اپنی کیا پہچان ہے۔ تاکہ آپ آئندہ جب بھی کوئی ایئرفون خریدیں یا استعمال کریں، تو آپ کو معلوم ہو کہ آپ کے پلگ پر کتنے رنگ ہیں اور وہ کیا کام کرتے ہیں۔

ایک رنگ (مونو آڈیو)

اگر ایئرفون کے پلگ پر صرف ’ایک رنگ‘ ہو، تو اس کا مطلب ہے کہ یہ ’دو حصوں‘ پر مشتمل ہوتا ہے، ایک آواز کا سگنل اور دوسرا گراؤنڈ یا ’بیس‘ کے لیے۔

اس قسم کے پلگ کو ’مونو آڈیو‘ کہا جاتا ہے۔ یعنی جو آواز آپ سنتے ہیں، وہ بائیں اور دائیں دونوں ایئر بڈز میں بالکل ایک جیسی ہوتی ہے۔ یہ سادہ آڈیو کا ایک پرانا اور محدود ورژن ہے، جو عام طور پر ریڈیو یا کچھ خاص قسم کے ڈیوائسز میں استعمال ہوتا تھا۔

دو رنگ (اسٹیریو آڈیو)

اگر پلگ پر ’دو رنگ‘ موجود ہوں، تو اس کا مطلب ہے کہ اس میں ’تین حصے‘ ہوتے ہیں، بائیں چینل (Left Audio)، دائیں چینل (Right Audio)، اور گراؤنڈ۔

یہ سسٹم ’سٹیریو آڈیو‘ کہلاتا ہے، جس میں آپ کے بائیں اور دائیں کان کو مختلف آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو آواز میں گہرائی (depth) اور سمت یا ڈائیریکشن کا احساس ہوتا ہے۔ یہ ہیڈفون آج کل کے زیادہ تر میوزک پلیئرز، کمپیوٹرز اور موبائلز میں استعمال ہوتے ہیں۔

تین رنگ (اسٹیریو+ مائک)

اب آتے ہیں ’تین رنگوں والے پلگ‘ پر، جو سب سے جدید اور کارآمد ہوتے ہیں۔ ان پلگز میں ’چار حصے‘ ہوتے ہیں، بائیں آڈیو، دائیں آڈیو، بیس یا گراؤنڈ، اور ایک اضافی حصہ مائیک یا کنٹرول بٹن کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔

اس قسم کے ہیڈفونز کو عام طور پر ’ہیڈ سیٹ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف آواز سننے بلکہ ’کال کرنے، وائس ریکارڈنگ اور کبھی کبھار والیوم یا میڈیا کنٹرول‘ کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ آج کل کے اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپس اور ٹیبلٹس میں یہی قسم سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہے۔

تو جناب کیا آپ یہ بات پہلے سے جانتے تھے کہ ایئرفون جیک پر موجود یہ چھوٹے چھوٹے رنگ دراصل آپ کے آڈیو تجربے کے بڑے راز ہوتے ہیں۔ ان کی مدد سے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کا ایئرفون صرف ساؤنڈ فراہم کرے گا یا مائیک کے ذریعے کال بھی کرنے دے گا۔

Similar Posts