محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم مرطوب ہے۔ رات کے وقت ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم کچھ حد تک خوشگوار ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم گرمی کی شدت 35 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے ادارے اے کیو آئی کے مطابق کراچی کی فضا اس وقت تسلی بخش ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 63 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، جو عام شہریوں کے لیے کسی خطرے کا باعث نہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں رات کے وقت کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔
پشاور میں دن کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز صوبے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بنوں میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مرطوب موسم کے پیش نظر خود کو ہائیڈریٹ رکھیں اور غیر ضروری دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں، جب کہ بارش کی صورت میں نکاسی آب اور ٹریفک صورتحال سے متعلق ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔