بیوی کو طلاق دینے کے بعد شہری کا دودھ سے نہا کر انوکھا جشن

0 minutes, 1 second Read

بھارت کی ریاست آسام کے رہائشی کے لیے ایک نیا دن تھا، اور اس دن کو منانے کا طریقہ بھی کچھ منفرد تھا۔ مانک علی نامی آسام کے شہری نے اپنی طویل عرصے سے منتظر ”آزادی“ کو ایک انوکھے طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا۔ مانک علی نے اپنی بیوی سے قانونی طور پر علیحدہ ہونے (طلاق لینے) کے بعد دودھ سے نہا کر جشن منایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک وائرل ویڈیو میں بھارتی شہری کو اپنے گھر کے باہر، پلاسٹک کی چادر پر، دودھ کی چار بالٹیوں کے ساتھ کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مذکورہ شخص ایک کے بعد ایک دودھ سے بھری چھوٹی بالٹی اپنے اوپر ڈال کر خوشی کا اظہار کرتا ہے۔

ویڈیو میں مانک علی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سے میں آزاد ہوں۔ اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔

ویڈیو میں مانک کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے عاشق کے ساتھ بھاگ جاتی تھی۔ میں نے ہمارے خاندان کی سکونت کے لیے خاموش رہ کر اسے برداشت کیا۔

مقامی افراد کے مطابق مانک علی کی بیوی نے پہلے بھی کم از کم دو بار فرار ہو کر علیحدگی اختیار کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد دونوں نے باہمی طور پر اپنی شادی کو قانونی طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

مانک علی کا کہنا تھا کہ میرے وکیل نے مجھے کل بتایا تھا کہ طلاق حتمی ہو چکی ہے۔ تو آج میں اپنی آزادی کا جشن دودھ میں نہا کر منا رہا ہوں۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، اور لوگوں نے اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ لوگوں نے اس عمل کو غیر معمولی اور منفرد طریقہ جشن قرار دیا، جب کہ دیگر نے اس پر مذاق بھی اڑایا۔

Similar Posts