احمد علی بٹ کو ’حمیرا اصغر کا پوڈکاسٹ‘ دوبارہ شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا

0 minutes, 0 seconds Read

حمیرا اصغر کی اچانک موت کے بعد احمد علی بٹ کی جانب سے ان کا پرانا پوڈکاسٹ دوبارہ شیئر کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی۔ معروف پاکستانی ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی موت پورے ملک میں غم کی لہر دوڑا گئی، اور ان کے حوالے سے پرانی ویڈیوز، انٹرویوز اور پوڈکاسٹس بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگے۔ ان ہی ویڈیوز میں ایک احمد علی بٹ کا پرانا پوڈکاسٹ بھی شامل تھا، جو تقریباً 11 ماہ پہلے پوسٹ کیا گیا تھا، لیکن اس ویڈیو کو انہوں نے دوبارہ اپلوڈ کیا۔ اس اقدام کے بعد ویڈیو نے فوراً لاکھوں ویوز حاصل کر لیے۔

اس پر سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور انہیں الزام لگایا کہ وہ حمیرا کی موت کا فائدہ اٹھا کر زیادہ ویوز اور پیسے کمانا چاہتے ہیں۔ صارفین نے ان کے اس عمل کو منافقت اور موقع پرستی قرار دیا، اور کہا کہ احمد علی بٹ صرف اس لیے ویڈیو دوبارہ پوسٹ کر رہے ہیں تاکہ وہ خود کو میڈیا میں نمایاں رکھ سکیں۔

ایک صارف نے تو یہ بھی کہا کہ جیسے باقی لوگ حمیرا کی ویڈیوز شیئر کر رہے تھے، احمد علی بٹ نے سوچا کہ وہ بھی پیچھے کیوں رہیں، اس لیے پورا پوڈکاسٹ دوبارہ اپلوڈ کر دیا۔

ان الزامات اور تنقید کے بعد احمد علی بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نیت صرف یہ تھی کہ لوگ حمیرا اصغر کی اصل شخصیت اور ان کی زندگی کی حقیقت کو جان سکیں۔

احمد علی بٹ نے مزید کہا کہ بہت ساری غلط معلومات حمیرا اور ان کے خاندان کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی تھیں، اور مختلف افراد نے ان کی ویڈیوز کو اپنے مفاد کے لیے ایڈٹ کر کے چلایا تھا۔ اس لیے انہوں نے پورے پوڈکاسٹ کو دوبارہ شیئر کیا تاکہ لوگ اصل ویو کے ذریعے حمیرا کی زندگی کے بارے میں بہتر طور پر آگاہ ہو سکیں۔

Similar Posts