کراچی کے علاقے ایف بی ایریا جوہرآباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے پارک میں سونے والے دو محنت کشوں کو تیزاب گردی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں جھلسنے والے افراد کی شناخت خالد اور صادق کے نام سے ہوئی ہے، دونوں افراد بے گھر ہیں اور پارک میں ہی سویا کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم شخص پارک میں داخل ہوا سوئے ہوئے دونوں افراد پر تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ متاثرین نے بتایا کہ حملہ آور کو نہیں دیکھ سکے، تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ رقم کے تنازع کا شاخسانہ ہے۔
راولپنڈی میں تیزاب گردی کاواقعہ، متاثرہ خاتون کاسابق شوہر گرفتار
لاہور؛ مغلپورہ میں دو شہریوں پر نامعلوم افراد نے تیزاب پھینک دیا
ابتدائی تفتیش کے مطابق خالد اور صادق کا ایک اور بے گھر شخص عمیر سے مالی تنازع چل رہا تھا، جو ماضی میں اسی پارک میں سوتا رہا ہے۔ پولیس نے عمیر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور واقعے کے اصل محرکات کا جلد پتہ لگا لیا جائے گا۔ تیزاب سے جھلسے دونوں افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔