برطانیہ کی ایسیکس کاؤنٹی میں ساؤتھ اینڈ ایئر پورٹ پر ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا، طیارہ نیدرلینڈز جا رہا تھا اور حادثہ ٹیک آف کے فوراً بعد حادثہ پیش آیا۔ جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے علاقے ایسیکس میں واقع ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر ایک چھوٹا طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے سے کچھ پہلے پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، طیارہ فضا میں بلند ہوتے ہی توازن کھو بیٹھا اور چند ہی لمحوں بعد الٹا ہو کر زمین سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے بعد شدید دھماکہ ہوا جس کے بعد ایک زوردار آگ کا گولا اٹھا اور سیاہ دھوئیں کے بادل آسمان پر چھا گئے۔
ایسیکس پولیس کے مطابق، حادثہ ایک 12 میٹر طویل طیارے کا تھا، جس کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ ”ہم تمام ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اور یہ آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ علاقے سے دور رہیں“۔
عینی شاہد جان جانسن، جو اپنے بچوں اور اہلیہ کے ساتھ ایئرپورٹ پر موجود تھے، نے میڈیا کو بتایا کہ
”ہم نے پائلٹس کو ہاتھ ہلایا، اور انہوں نے بھی ہمیں جواب دیا۔ طیارہ رن وے پر آیا، ٹیک آف کیا، لیکن کچھ ہی لمحوں میں بائیں جانب بری طرح جھک گیا، پھر مکمل طور پر الٹ گیا اور زمین سے جا ٹکرایا۔ اس کے فوراً بعد ایک زبردست آگ کا گولا اٹھا“۔
عینی شاہد جان جانسن، جو اپنے بچوں اور اہلیہ کے ساتھ ایئرپورٹ پر موجود تھے، نے میڈیا کو بتایا کہ
”ہم نے پائلٹس کو ہاتھ ہلایا، اور انہوں نے بھی ہمیں جواب دیا۔ طیارہ رن وے پر آیا، ٹیک آف کیا، لیکن کچھ ہی لمحوں میں بائیں جانب بری طرح جھک گیا، پھر مکمل طور پر الٹ گیا اور زمین سے جا ٹکرایا۔ اس کے فوراً بعد ایک زبردست آگ کا گولا اٹھا“۔
انہوں نے مزید کہا، ”ہم سب خوفزدہ ہو گئے ہیں، دل ان لوگوں کے لیے اداس ہے جو طیارے میں سوار تھے“۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، واقعے میں ملوث طیارہ ”جنرل ایوی ایشن ایئرکرافٹ“ تھا۔ حادثے کے بعد ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی چار پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ دو پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس لندن گیٹوک اور لندن اسٹینسٹڈ کی طرف موڑ دیا گیا۔
ایسیکس کاؤنٹی فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق، چار فائر بریگیڈز اور خصوصی آف روڈ گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔
ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چار ایمبولینسز، چار ہنگامی رسپانس ٹیمیں اور ایک ایئر ایمبولینس بھی فوری طور پر روانہ کی گئی ہیں۔
پولیس اور ایوی ایشن حکام نے واقعے کی جامع تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاحال جانی نقصان کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔