سٹی کورٹ کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں شہری پر تشدد کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے کیس ختم کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ عدالت نے پولیس کی سی کلاس رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ نوجوان دھیرج نے مزید کارروائی نہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ ایک غلط فہمی کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا، جسے اب وہ ختم کرنا چاہتا ہے۔
عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں کیس کو ختم کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے کو نمٹا دیا۔ یاد رہے کہ یہ کیس ڈیفنس میں شہری پر مبینہ تشدد کے واقعے سے متعلق درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے پوش علاقے گذری ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار سلمان فاروقی نے موٹر سائیکل سوار شہری کو زد و کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
نوجوان کے ساتھ موجود اس کی بہنیں بااثر شخص کے سامنے ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافیاں مانگتی رہیں لیکن روتی لڑکیوں کے آنسوؤں پر بھی بااثر شخص کو ترس نہیں آیا تھا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے ذریعے منظر عام پر آیا تھا۔