خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے افسوسناک جانی و مالی نقصانات سامنے آئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک مرد، ایک خاتون اور چار بچے شامل ہیں۔ حادثات باجوڑ، کوہاٹ، مالاکنڈ اور خیبر کے اضلاع میں پیش آئے جہاں تین گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے تمام اضلاع کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لیے مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔