سندھ میں چھتیس نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیے گئے، اکتالیس کمپنیوں کو نوٹس جاری کردیا گیا، حکومت کا نجی سیکیورٹی کمپنیوں سے متعلق قانون کا جائزہ لینے کا اعلان، نئی ایس او پیز بھی ترتیب دی جائیں گی۔
سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کارروائی کرتے ہوئے 36 نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دیے، جبکہ 41 کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں نجی سیکیورٹی کمپنیوں سے متعلق قوانین کا جائزہ لینے اور نئی ایس او پیز مرتب کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے نجی سیکیورٹی کمپنیوں کو قواعد و ضوابط کے دائرے میں لانے کے لیے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا، جو 30 دن میں معائنہ رپورٹ پیش کرے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت سندھ میں 302 نجی سیکیورٹی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ حکام کے مطابق غیر معیاری، غیر فعال یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف مزید کارروائیاں بھی متوقع ہیں۔