قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کو 17 جولائی کو طلب کرلیا، نیب خیبرپختونخوا نے طلبی کے نوٹس جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق نیب خیبرپختونخوا نے سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن امجد علی کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا، اس حوالے سے نیب نے دونوں رہنماؤں کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیے۔
نوٹس کے مطابق اعظم سواتی کو سرکاری فنڈز میں مبینہ 36 ارب روپے کی خردبرد کے کیس میں 17 جولائی کو نیب پشاور کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب ایم پی اے امجد علی کو بھی 17 جولائی کو طلب کیا گیا، امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات ہیں۔
نیب نے امجد علی کو اپنے تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ اور ٹیکس تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں سے ان الزامات کی روشنی میں تفتیش کی جائے گی اور ان کے فراہم کردہ ریکارڈ کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔