اسلام آباد میں واقع وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ وزارت کے مطابق، آگ عمارت کی دوسری منزل پر ”ہیٹنگ، وینٹی لیشن اینڈ ایئر کنڈیشننگ“ (HVAC) یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ وزارت سائنس کے ترجمان نے بتایا کہ آگ محدود پیمانے پر تھی اور اسے فوری طور پر بجھا دیا گیا، جس کے باعث کوئی جانی یا بڑے پیمانے کا مالی نقصان نہیں ہوا۔
وزارت کے مطابق، بروقت اقدامات اور موثر ردعمل کے باعث صورتحال مکمل طور پر قابو میں رہی۔ آگ لگنے کی وجوہات کی مزید تفصیل جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔