نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کی بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات

0 minutes, 0 seconds Read

نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے وفد کے ہمراہ چین کے صدر شی جن پنگ سے مشترکہ ملاقات میں شرکت کی۔ چین کے صدر نے وفود کے سربراہان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایس سی او کے دائرہ کار اور اس کے ذریعے خطے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

گریٹ ہال آف دی پیپل بیجنگ آمد پر چینی صدر نے اسحاق ڈار کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی موجود تھے۔ چینی صدر نے ایس سی او کے دائرہ کار میں علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تنظیم کو باہمی ترقی اور امن کے فروغ کے لیے کلیدی پلیٹ فارم قرار دیا۔

چین کے صدر کا کہنا تھا کہ یہ تنظیم یوریشین خطے کے وسیع رقبے اور دنیا کی بڑی آبادی کو محیط ہے اور اس کا کردار خطے کی خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے خطے میں پائیدار ترقی، ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورہ چین کے دوران ایس سی او اجلاس کی سائیڈ لائن پر اسحاق ڈار نے روس، ایران، کرغزستان، قازقستان، ازبکستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اسحاق ڈار کی روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف سے اہم ملاقات

تیانجن میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزارتی اجلاس کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی امور اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، زراعت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا اور موجودہ تعلقات میں مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے روسی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی

اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات

ایس سی او اجلاس کی سائیڈ لائن پر اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور حالیہ اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ، قازق وزیر خارجہ مورات نورتیو، ازبک اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ تمام ملاقاتوں میں اقتصادی روابط، تجارت، توانائی، تعلیم، اور علاقائی ترقی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Similar Posts