حکومت کا 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا

0 minutes, 0 seconds Read

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے حکومت کا 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا، ٹی سی پی نے 50 ہزار ٹن چینی درآمد کرنے کا نظرثانی ٹینڈرجاری کردیا۔

5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، حکومت نے ابتدائی منصوبے میں تبدیلی کرتے ہوئے 3 لاکھ کے بجائے اب صرف 50 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے چینی درآمد کے لیے نیا نظرثانی شدہ ٹینڈر جاری کردیا، جس کے تحت چینی درآمد کے لئے 22جولائی تک بولیاں طلب کی گئی ہیں، اس سے قبل چینی درآمد کے لیے 18 جولائی تک بولیوں کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دینے پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام متاثر ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے جس کے بعد حکومت نے چینی کی درآمد پر دی گئی ٹیکس چھوٹ واپس لینے پر غور شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق چینی درآمد کا فیصلہ مکمل طور پر ختم کیے جانے کا بھی امکان ہے، نجی شعبے کے لیے دی گئی ٹیکس چھوٹ واپس لینے پر بھی غور جاری ہے۔

واضح رہے کہ 11 جولائی 2025 کو وفاقی حکومت نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے پر عمل شروع کیا اور اس سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان نے ٹینڈر جاری کیا تھا۔

ٹریڈنگ کارپوریشن نے چینی درآمد میں دلچسپی رکھنے والے انٹرنیشنل سپلائرز اور مینو فیکچررز سے 18 جولائی 2025 تک بولیاں بھی طلب کیں۔

Similar Posts