آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 5 اگست کی تاریخ دی تھی، 90 دن کی بات کو توڑ مروڑ کر بیان کیا جا رہا ہے، 90 دن کا 5 اگست کی تحریک سے کوئی تعلق نہیں، پارٹی کے اندرونی معاملات پر میڈیا پر بات نہیں کرسکتا۔ آج نیوز کے پروگرام میں وزیرمملکت برائے مذہبی امور کھئیل داس کوہستانی، وزیر قانون خیبر پختون خوا آفتاب عالم اور رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے بھی گفتگو کی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے آج نیوز کے پروگرام ”سپاٹ لائٹ“ میں میزبان منیزے جہانگیر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پانچ اگست اور نوے دن کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کا دن تحریک کا نقطہ عروج ہے اور نوے دن کی بحث ایک منظم سازش کا حصہ ہے جو پارٹی کے ایونٹ کو شیڈو کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقریر میں پانچ اگست کے حوالے سے جو بات کی گئی، وہ صرف ایک مشن ہے اور اس کا 90 دن کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ نو مئی کے بعد پہلی بار پانچ سو گاڑیاں خان کے جھنڈے کے ساتھ لاہور پہنچیں، جسے عمران خان نے سراہا۔
پانچ اگست کے لائحہ عمل کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹس ہر صوبے اور ضلع میں ہوں گے اور پانچ اگست کے مرکزی ایونٹ تک پہنچیں گے، تاہم قانونی وجوہات کی بنا پر اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی جا سکتی کیوں کہ پھر ہمارے بندوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو جاتی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی فہرستیں درست نہیں ہیں اور سیینیٹ الیکشن کے حوالے سے خان صاحب نے واضح ہدایات دے رکھی ہیں۔ خیبر پختون خوا کے معاملات کے حوالے سے میں اس کو دیکھ نہیں رہا لیکن بہ حیثیت سیکریٹری اطلاعات مجھے علم ضرور ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے یہ بھی کہا کہ سارے لوگوں کے نام بانی پی ٹی آئی کو بھیج دیے گئے تھے اور انھوں نے کچھ نام بھی اس میں سے فائنل کر لیے ہیں، وہ کیا ہیں جب ہمارے پاس آفیشلی میسج پہنچ جائے گا اس سے پہلے میں شیئر نہیں کر سکتا۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ خان صاحب نے ایک بات واضح کی ہے کہ سیینٹ کا الیکشن کس طرح لڑنا ہے، اس کا فیصلہ چیف منسٹر اپنی پارلیمانی پارٹی کو بلا کر آپس میں طے کر لیں۔ جو بھی خان صاحب نے میسج لے کر آتا ہے اس سے پہلے ہم لکھواتے ہیں تاکہ وہ اس سے مکر نہ جائے، باقی امیدواروں کے بارے میں خان صاحب نے بتا دیا ہے اور متعلقہ لوگ اس کا خود اعلان کریں گے کیوں کہ جس کی ذمے داری ہے وہی بتائے تو مناسب ہے، پھر ہماری پارٹی میں کیا ہوتا ہے یہ سب کو پتا ہے۔ سوشل میڈیا پر نیا تماشا شروع ہو جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کون ہوتے ہیں کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی معاملات پر بات کریں، نہ ہی وہ ہمیں مشورہ دیں۔ انھیں مشورہ اپنی تنظیم کو دینا چاہیے جو ساری سیٹیں ہار گئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت خیبر پختونخوا میں قائم دائم ہے اور وہاں کا وزیراعلٰی مستحکم ہے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھئیل داس کوہستانی، وزیر قانون خیبر پختون خوا آفتاب عالم اور رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے بھی گفتگو کی، نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے بھی اپنی حکومتیں گرا چکی ہے، پی ٹی آئی کی ساری توجہ محاذ آرائی پر ہے۔