بھارتی لڑکیوں کے ذریعے سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوانوں کو ہنی ٹریپ میں پھنسا کر بیرونِ ملک بلا کر اغوا کرنے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آ گیا۔ ساہیوال سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو تھائی لینڈ بلوا کر اغوا کر لیا گیا، اغواکاروں نے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مغوی افراد کی شناخت عثمان امین، محمد احمد اور تجمل شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے، جو بھارتی لڑکیوں سے ٹیلیفونک رابطے میں تھے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹوں کو بھارتی لڑکی کی جانب سے موبائل فون پر تھائی لینڈ کے ایئر ٹکٹ بھجوائے گئے، جس کے بعد تینوں نوجوان لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر بھی نامعلوم افراد نے تینوں کو رخصت کیا۔ تھائی لینڈ پہنچنے کے بعد نوجوانوں کا اغوا کر لیا گیا، اور اغواکاروں نے فون کر کے اہل خانہ کو بچوں کے اغوا کی اطلاع دی، ساتھ ہی ایک کروڑ روپے تاوان کی بھی ڈیمانڈ کی گئی۔
پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ادھر واقعے نے والدین اور شہری حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک جھانسے دے کر اغوا کرنا ایک نئی اور خطرناک سازش ہے، جس پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔