وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔ شدید بارش کے باعث 30 سے زائد ملکی و بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق برطانیہ جانے والی برٹش ایئرویز کی پرواز بی کے 2160 تین گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی، جبکہ پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے 233 ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ نجی ایئرلائن کی کراچی جانے والی پرواز نے اپنے مقررہ وقت 1:35 کے بجائے 3:45 پر اڑان بھری، اور جدہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پرواز بھی تاخیر کا شکار رہی۔
دبئی اور دوحا جانے والی پروازوں میں بھی ایک سے زائد گھنٹے تاخیر دیکھی گئی، جبکہ باکو کی پرواز جے 2-144 مقررہ وقت 3:44 کے بجائے 4:27 پر روانہ ہوئی۔ مسقط جانے والی پرواز چار بجے کے بجائے پانچ بجے روانہ کی گئی۔
ریاض، ابوظہبی اور ترکیہ جانے والی پروازوں میں بھی کئی گھنٹے تاخیر ہوئی، جبکہ صبح پانچ بجے روانہ ہونے والی کویت اور دبئی کی پروازیں تاحال روانہ نہیں ہو سکیں۔ پی آئی اے کی دو پروازیں، پی کے 741 اور پی کے 451، بھی روانگی کی منتظر ہیں۔
نجی ایئرلائن کی صبح 8 بجے روانہ ہونے والی پرواز ای آر 811 اب رات 8 بجے روانہ ہوگی، جبکہ دمام جانے والی صبح 9 بجے کی پرواز اب دوپہر 3 بجے روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔
ایئرلائن حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ایئرپورٹ وقت پر پہنچیں اور روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن یا فلائٹ انکوائری سے ضرور رابطہ کریں تاکہ تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکیں۔