لیاری کے مصروف علاقے کھڈہ مارکیٹ کے قریب ایک رہائشی عمارت کی چھت گرنے سے دو خواتین جاں بحق اوربچی سمیت 3خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ واقعہ بغدادی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق حادثہ عمارت کی پانچویں یا چھٹی منزل پر پیش آیا، جہاں اچانک چھت زمین بوس ہو گئی۔ چھت گرنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق خاتون کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ہے جبکہ زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
علاقے کے مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں خطرناک عمارتوں کا سروے کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔
وزیر بلدیات سعید غنی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اور متعلقہ اداروں کو موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
سعید غنی نے ڈی جی ایس بی سی اے (سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی) اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔