پی ٹی آئی پشاور کے عہدیداروں نے نیوز کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ عرفان سلیم سینیٹ الیکشن کے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیں گے اور وہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ پی ٹی آئی پشاور کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو سینیٹ الیکشن کے دن اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ عرفان سلیم سینیٹ انتخابات کے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیں گے اور وہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔
پی ٹی آئی پشاور کے عہدیداران نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ عرفان سلیم سینیٹ کے امیدوار ہیں اور رہیں گے، ان کی جگہ کسی اور کو نامزد کرنا کارکنوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی میں مخلص کارکنوں کو نظر انداز کر کے اے ٹی ایمز کو ٹکٹ دیے جا رہے ہیں، جو قابل قبول نہیں۔
انہوں نے مطالبہ نہ مانے کی صورت میں 21 جولائی کو سینیٹ الیکشن کے دن خیبرپختونخوا اسمبلی کے گھیراؤ اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی پشاور کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن ہمارے لیے نہیں بلکہ تحریک کی شروعات ہے، اور 21 تاریخ کے بعد بانی پارٹی سے غداری کرنے والوں کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ پارٹی قیادت اور خیبرپختونخوا حکومت میں اس معاملے پر شدید اختلافات پیدا ہو چکے ہیں۔