کراچی چیمبر کا بڑا فیصلہ، کل کاروباری مراکز بند رہیں گے

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاوید بلوانی نے ہنگامی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ کراچی میں کل مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی اور تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔

کراچی کی تمام بڑی تجارتی ایسوسی ایشنز بشمول ریسٹورینٹ ایسوسی ایشن، انجمن تاجران بولٹن مارکیٹ، موٹرسائیکل اسپئیر پارٹس ایسوسی ایشن، پاکستان ٹی ایسوسی ایشن اور آئرن اینڈ اسٹیل مرچنٹس نے کراچی چیمبر کے فیصلے کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید بلوانی نے کہا کہ ”تاجر برادری کسی سیاسی جماعت کے گیم کا حصہ نہیں بنے گی، ہڑتال کا فیصلہ صرف معاشی اور کاروباری تحفظات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔“

انہوں نے حکومت کو واضح وارننگ دیتے ہوئے کہا ”اگر آئندہ اجلاس تک ہمیں تحریری طور پر یقین دہانی نہ دی گئی تو ہڑتال کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھایا جا سکتا ہے۔“

19 جولائی کو تاجر برادری ہڑتال کرے گی یا نہیں؟ بڑا فیصلہ ہو گیا

لاہور کے تاجروں کا ایف بی آر قوانین کیخلاف 19 جولائی کو ہڑتال کی حمایت کا اعلان

صدر کراچی چیمبر کا مزید کہنا تھا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو کراچی کی بزنس کمیونٹی اپنے کاروبار دبئی یا دیگر ممالک میں منتقل کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ دوسری جانب فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملک گیر ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم کراچی چیمبر نے شہر کی مخصوص صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آل پاکستان ریسٹو رینٹ، کراچی گڈز ایسوسی ایشن کا ہڑتال کی حمایت کا اعلان

آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر وقاص عظیم اور کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ندیم اختر آرائیں نے کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی کی جانب سے دی گئی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

وقاص عظیم نے اپنے بیان میں کہا ”ہم تاجروں کی آواز کو سننے کا مطالبہ کرتے ہیں، معاشی قتل عام بند کیا جائے۔“

ندیم اختر آرائیں کا کہنا تھا ”آج ہم ملک گیر تاجر ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے معاشی مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔“

ادھر آل سندھ ٹرک ڈمپر ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں جان نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے ہڑتال مؤخر کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ”ہم حکومت سے مثبت مذاکرات کے حامی ہیں، اور کاروبار کے پہیے کو روکنے کے بجائے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔“

Similar Posts