وزیر خزانہ امریکا میں تجارتی معاہدے کیلئے سرگرم، مذاکرات میں بریک تھرو متوقع

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دو طرفہ تجارتی معاہدے کے لیے امریکا کے دورے پر پہنچ گئے جہاں پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں بریک تھرو متوقع ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی سیکریٹری کامرس ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارت کے نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریئر کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات کی۔

دونوں فریقین نے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور فریقین نے دوطرفہ تعلقات خاص طور پر معاشی شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ راستوں کو تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعلق قائم ہو۔

دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات کا مثبت نتیجے نکلے گا اور دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ ہوگا۔

Similar Posts