پاکستان نے بھارتی فضائی حدود مزید ایک ماہ تک بند رکھنے کی توسیع کردی، بھارتی ایئر لائنز کے لیے 23 اگست تک پاکستان کی فضائی حدود بند رہے گی جبکہ نیا نوٹم جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود پر پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی، بھارتی ایئر لائنز کے لیے 23 اگست تک پاکستان کی فضائی حدود بند رہے گی۔
پاکستان ایئر پورٹ ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے نیا نوٹم جاری کر دیا گیا، جس کے تحت بھارتی طیارے پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
نوٹم کے مطابق فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا فیصلہ سیکیورٹی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ فضائی حدود کی پابندی کا اطلاق مخصوص راستوں اور پروازوں پر ہو گا، جن کی تفصیلات متعلقہ ایئرلائنز کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے پیش نظر چند ہفتے قبل اپنی فضائی حدود محدود کی تھیں، بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود 23 اپریل سے بند ہے۔
حکام کے مطابق صورت حال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ فیصلے حالات کے تناظر میں کیے جائیں گے۔