بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ کرینہ کپور خان، جنہوں نے اپنی جاندار اداکاری اور منفرد کرداروں سے ناظرین کے دل جیتے، ایک مرتبہ پھر فلمی دنیا میں ہلچل مچانے جا رہی ہیں۔ فلم بین جو کافی عرصے سے کرینہ کو دوبارہ اسکرین پر دیکھنے کے منتظر تھے، اب ان کے اگلے منصوبے سے متعلق کچھ دلچسپ انکشافات سامنے آئے ہیں۔
بالی وڈ میں بڑی عمر کے اداکاروں کے ساتھ نوجوان اداکاراؤں کو کاسٹ کرنا ایک عام روایت رہی ہے، لیکن جب کسی اداکارہ کو خود سے کم عمر اداکار کے ساتھ دکھایا جائے تو یہ بات لوگوں کی خاص توجہ حاصل کر لیتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کرینہ کپور خان اپنی نئی فلم میں ایک ”بھوت“ کا کردار ادا کریں گی اور اس فلم میں ان کا رومانوی پہلو بھی شامل ہوگا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کا ساتھی اداکار ان سے تقریباً 20 سال چھوٹا ہوگا۔ فلم کا اسکرپٹ معروف رائٹر حسین دلال نے تحریر کیا ہے، جو اس سے قبل ’براہمسترا‘ جیسی فلم کے لیے بھی قلم اٹھا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ”یہ کہانی مزاحیہ انداز میں لکھی گئی ہے اور اس میں کرینہ کا کردار فلم کی جان ہوگا۔“
فلم کا مرکزی خیال ایک ایسے بھوت کے گرد گھومتا ہے جو روایتی ”ہارر“ کے بجائے ایک مختلف اور ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسکرپٹ تازہ، انوکھا اور توقعات سے ہٹ کر ہے، جو شاید بالی ووڈ میں بھوتوں پر بننے والی فلموں کا رخ ہی بدل دے۔
اگرچہ اس پراجیکٹ کی باضابطہ تصدیق ابھی تک نہ کرینہ کپور اور نہ ہی فلم کی ٹیم کی طرف سے کی گئی ہے، لیکن فلمی حلقوں میں اس کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ خاص طور پر کرینہ کی کم عمر اداکار کے ساتھ جوڑی بنائے جانے کی خبر نے شائقین اور ناقدین دونوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
یاد رہے کہ کرینہ کو حال ہی میں روہت شیٹی کی فلم سنگھم اگین میں دیکھا گیا تھا، جس میں دیگر نامور اداکار بھی شامل تھے۔ اگرچہ فلم باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی، لیکن کرینہ کی اداکاری کو سراہا گیا۔
اب وہ جلد ہی میگھنا گلزار کی فلم دائرہ میں پرتھوی راج سکمران کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی، جو ممکنہ طور پر 2025 کے آخر یا 2026 کے آغاز میں ریلیز کی جائے گی۔
فلمی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ اگر کرینہ واقعی اس منفرد کردار میں نظر آئیں، تو یہ فلم نہ صرف ان کے کیریئر میں ایک نیا باب کھول سکتی ہے بلکہ بالی ووڈ میں ایک مختلف رجحان کو بھی جنم دے سکتی ہے۔
اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ ان کا کم عمر ساتھی اداکار کون ہوگا، اور کیا یہ نئی جوڑی اسکرین پر کوئی خاص کیمسٹری دکھا پائے گی؟