اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں خوفناک آتشزدگی، 14 نومولود بچے جاں بحق
اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے گائناکولوجی وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں نرسری میں موجود 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے۔
آگ لگنے کی ابتدائی وجوہات سے متعلق بات کرتے ہوئے ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ دلخراش حادثہ ایئرکنڈیشن کا کمپریسر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، نرسری میں 16 نومولود موجود تھے جن میں سے ایک کو بچا لیا گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری اقدام کرتے ہوئے 19 افراد کو کامیابی سے باہر نکالا جن میں 10 خواتین، سات بچے اور دو مرد شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
امدادی کارروائیوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین شدید غم و الم کی حالت میں اسپتال کے باہر جمع ہو گئے۔