پنجاب میں مون سون کا چوتھا اسپیل کل سے اثرانداز ہوگا، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب میں مون سون کا چوتھا اسپیل کل سے اثرانداز ہوگا، سندھ، بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی آج بارش کا امکان ہے۔ متعلقہ اداروں نے سیلابی صوتحال اور لینڈسیلائینڈنگ کے پیش نظر الرٹ رہنےکی ہدایت کر دی۔

ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے، جب کہ پنجاب میں مون سون کا چوتھا اسپیل کل سے اثرانداز ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

نیا مون سون سسٹم مری، اٹک، چکوال، حافظ آباد، گجرات، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ملتان کو متاثر کرے گا۔

سرگودھا میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں، حافظ آباد میں برساتی پانی دیہاتوں میں داخل ہو گیا، جبکہ چکوال میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ رینالہ خورد میں برساتی نالہ ٹوٹنے سے پانی کھیتوں میں داخل ہوگیا ہے۔ جہلم اور کشمور میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر پانی کا بہاؤ خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے۔ کالاباغ، گڈو، چشمہ، تونسہ اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سیلابی ریلا آج رات لیہ کے مقام سے گزرے گا، جہاں فلڈ کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔

بلوچستان میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی ہے۔ بارکھان، سبی، موسیٰ خیل اور ژوب میں رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، اور کئی علاقوں میں کھڑی فصلیں برباد ہو چکی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے سندھ، بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔ متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

Similar Posts