خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اتحاد نے سیاسی سرگرمیاں تیز کر دیں۔ گورنر ہاؤس میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کل ہونے والے صوبائی اسمبلی اجلاس اور مخصوص نشستوں پر حلف برداری سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے قبل سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں اپنے امیدوار دستبردار نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں واضح کیا گیا کہ اپوزیشن کے تمام امیدوار سینیٹ کے میدان میں موجود رہیں گے۔
اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سینیٹ نشستوں کے لیے ”پانچ اور چھ“ کے فارمولے پر عمل درآمد پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اہم اجلاس میں جے یو آئی ف کے سینیٹر مولانا عطاالرحمان، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں نے شرکت کی۔ شرکاء نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کی ”روبرو“ میں گفتگو
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سینیٹ الیکشن ہوئے تو کوشش ہوگی کہ ہم چھ سے سات سیٹیں جیتیں، ہمارے پاس صوبائی اسمبلی میں تیس، پینتیس آزاد ارکان ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان آزاد ارکان پر فلورکراسنگ کی شق نہیں لگتی ہے۔