بھارتی کھلاڑیوں کا لیجنڈز کرکٹ لیگ میں پاکستان کیساتھ کھیلنے سے انکار، شیری رحمان کا شدید ردعمل

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی جانب سے لیجنڈز کرکٹ لیگ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر سخت ردعمل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹرز نے نریندر مودی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کھیل جیسے عالمی امن اور بھائی چارے کے پیامبر پلیٹ فارم کو بھی نفرت، تنگ نظری اور تعصب کا نشانہ بنا دیا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ’میدانِ جنگ میں شکست، سفارت کاری میں ناکامی اور اب کھیل سے فرار۔۔۔ بھارت ہر محاذ پر شرمندگی کا سامنا کر رہا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام سنتے ہی مودی سرکار کے اعصاب جواب دے جاتے ہیں اور ان کے کھلاڑی میدان سے راہِ فرار اختیار کر لیتے ہیں۔

سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا طرزِ عمل نہ صرف ان کی مودی پرست ذہنیت کا عکاس ہے بلکہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بھارت اب کھیل کے عالمی اصولوں سے بھی منہ موڑ چکا ہے۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاک بھارت ٹاکرا بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث منسوخ

ان کا کہنا تھا کہ ’کھیل تو ہمیشہ امن، رواداری اور باہمی احترام کے پیغامبر ہوتے ہیں، مگر بھارت نے یہاں بھی تنگ نظری اور انتہا پسندی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ بھارت کا یہ رویہ نہ صرف اسپورٹس مین شپ کے خلاف ہے بلکہ خطے میں کھیلوں کے ذریعے تعلقات کی بہتری کی امیدوں کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔

شیری رحمان نے واضح کیا کہ ’کھیل کے بجائے نفرت کے ایجنڈے پر کاربند بھارتی رویہ خطے کے امن اور کرکٹ کے مستقبل کے لیے خطرہ بن چکا ہے‘۔

پاکستانی حلقوں کی جانب سے بھی بھارتی فیصلے پر افسوس اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے، جب کہ شائقینِ کرکٹ اسے ایک افسوسناک موقع قرار دے رہے ہیں جہاں کھیل کو سیاست کا یرغمال بنایا گیا۔

Similar Posts