بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ٹی20 چیمپئنز لیگ کو ایک بار پھر بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ایونٹ اگلے برس ستمبر میں کروانے کا پلان تیار کیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے ابتدائی مشاورت اور تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں ممبر ممالک نے ٹی20 چیمپئنز لیگ کی بحالی کی حمایت کی ہے۔ لیگ میں شامل ہونے والی ٹیموں کا انتخاب مشاورت سے کیا جائے گا، تاکہ مختلف ممالک کی ٹاپ ٹی20 فرنچائزز کو اس بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کا موقع دیا جا سکے۔
یاد رہے کہ ٹی20 چیمپئنز لیگ آخری بار 2014 میں منعقد ہوئی تھی، جس کے بعد اسے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ اس لیگ میں بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور دیگر ممالک کی نمایاں ٹی20 ٹیموں نے شرکت کی تھی، جسے شائقین نے خوب سراہا تھا۔
اگرچہ ابھی تک کسی ملک کی شرکت یا میزبان ملک کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق آئندہ چند مہینوں میں لیگ کی تفصیلات، شیڈول اور ٹیموں کے انتخاب کے حوالے سے مزید اعلانات متوقع ہیں۔
ٹی20 چیمپئنز لیگ کی واپسی سے نہ صرف شائقین کرکٹ کو ایک نیا اور دلچسپ ٹورنامنٹ دیکھنے کو ملے گا بلکہ مختلف ممالک کی فرنچائزز کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا نایاب موقع بھی میسر آئے گا، جس سے بین الاقوامی کرکٹ میں مسابقت اور جوش و خروش میں اضافہ ہوگا۔