آج کل ٹانگوں میں درد ایک عام مسئلہ بنتا جا رہا ہے، نہ صرف بزرگ بلکہ نوجوان اور یہاں تک کہ بچے بھی اس تکلیف کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں۔ زیادہ دیر تک کھڑے رہنا، جسم میں ضروری معدنیات کی کمی، غیر متوازن خوراک اور دیگر عوامل اس درد کا سبب بن سکتے ہیں۔ خاص طور پر خواتین کو کمر اور ٹانگوں میں درد کی شکایت زیادہ رہتی ہے، جو عمومی جسمانی مسائل یا کیلشیم کی کمی کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔
قدرت نے ہمیں ایسی بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جو ہماری صحت کے لیے بے حد مفید ہیں، اور ان میں سے ایک سنگھاڑا ہے۔ سنگھاڑا نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے بلکہ جسمانی درد کے علاج کے لیے بھی بہترین سمجھا جاتا ہے۔ یہ مرد و خواتین دونوں کے لیے یکساں مفید ہے اور خاص طور پر ٹانگوں اور کمر کے درد کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ماہرحکیم شاہ نذیر نے آج نیوز کی رمضان اسپیشل ٹرانسمیشن میں بتایا کہ سنگھاڑے کا پاؤڈر بنا کر دودھ کے ساتھ استعمال کرنے سے حیرت انگیز فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ہر عمر کی خواتین کی صحتمند متوازن زندگی کیلئے بہترین راز
انہوں نے کہا کہ روزانہ ایک چمچ سنگھاڑے کا پاؤڈر دودھ میں ملا کر پی لیں، یہ جسمانی درد میں آرام دے گا۔ رات کو سونے سے پہلے ایک گلاس دودھ میں ایک چمچ سنگھاڑے کا پاؤڈر ملا کر پینا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔ کچھ عرصے مستقل استعمال کرنے سے ٹانگوں، کمر اور جوڑوں کے درد میں نمایاں بہتری آتی ہے۔
سنگھاڑے کیلشیم اور دیگر ضروری اجزاء سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ ہڈیوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔ جسمانی کمزوری دور کر کے توانائی میں اضافہ کرتا ہے۔
اسکے علاوہ خواتین کے عمومی صحت کے مسائل میں، خاص طور پر ان خواتین کے لیے فائدہ مند ہے جو ہڈیوں یا کمر کے درد کا شکار رہتی ہیں۔
ان 5 تجاویز پر عمل سے خواتین اپنی صحت خود بہتر بنا سکتی ہیں
سنگھاڑا عام طور پر ہر موسم میں دستیاب ہوتا ہے اور پنساری کی دکانوں پر خشک سنگھاڑا آسانی سے مل سکتا ہے۔ تاہم، خریدتے وقت اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ سنگھاڑے میں سوراخ نہ ہوں کیونکہ خراب یا کیڑے لگے ہوئے سنگھاڑے صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ اعلیٰ معیار کا سنگھاڑا خریدیں تاکہ مکمل فائدہ حاصل ہو سکے۔
اگر آپ یا آپ کے گھر میں کوئی فرد ٹانگوں، کمر یا دیگر جسمانی درد میں مبتلا ہے تو سنگھاڑا ایک بہترین قدرتی علاج ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کا استعمال جسم کو تقویت بخشتا ہے اور درد سے نجات دلاتا ہے۔ قدرتی اور روایتی علاج اپنا کر نہ صرف صحت مند زندگی گزاری جا سکتی ہے بلکہ مہنگی دواؤں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ تاہم اگر آپ زیرِ علاج ہیں یا حساس مزاج اور طبیعت رکھتے ہیں تو کوئی بھی نسخہ اپنی معالج کی ہدایت کے بغیر ہرگزاستعمال نہ کریں۔