پنجاب میں مون سون کا چوتھا طاقتور اسپیل آج سے شروع ہو رہا ہے، پی ڈی ایم اے کا سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا اور نسبتاً طاقتور اسپیل آج سے شروع ہو رہا ہے، جو 25 جولائی تک جاری رہے گا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اس حوالے سے شدید موسمی صورتحال اور ممکنہ سیلاب کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور میانوالی سمیت مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں بھی موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا یہ سلسلہ پچھلے اسپیلز کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور ہے، اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں تیزی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اداروں، فلڈ کنٹرول مراکز اور دیگر متعلقہ محکموں کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے بچیں، اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Similar Posts