کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں اداکارہ حمیرا اصغر کی پر اسرار موت کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، پولیس نے میڈیکل رپورٹس حاصل کرلی جبکہ حمیرا کے میک اپ آرٹس کے دیے گئے بیان پر بھی کام کیا جا رہا ہے، پولیس کو اب تک ایک موبائل فون نہیں ملا، جو حمیرا اصغر کے استعمال میں تھا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی موت کس طرح ہوئی پولیس کی تحقیقات میں گتھیاں سلجھنے لگیں لیکن کچھ سوال ایسے بھی ہیں جن کا جواب ملنا ابھی باقی ہے۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ فارنزک اور ڈی این اے کی ایک مکمل رپورٹ تیار کی جارہی ہے، رپورٹ میں موت کو طبی قرار دیا گیا ہے، حمیراہ اصغر کے میک اپ آرٹس کے دیے گئے بیان کو بھی باریک بینی سے دیکھا جا رہا ہے۔
حمیرا کے میک اپ آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ حمیرا کے موبائل فون کا لاسٹ سین 5 فروری 2025 تک نظر آرہا تھا، واٹس ایپ پر لاسٹ سین کی تاریخ 7 اکتوبر 2024 تھی، 5 فروری تک حمیرا اصغر کے واٹس ایپ پر ڈی پی بھی شو ہورہی تھی، ڈی پی ہٹ جانا اور لاسٹ سین غائب ہونا موبائل استعمال کیے بغیر ممکن نہیں۔
تفتیشی حکام نے یہ بھی بتایا کہ حمیراہ اصغر کا ایک موبائل فون ابھی بھی غائب ہے، حمیراہ اصغر کے غائب شدہ موبائل فون کی تلاش جاری ہے کیس سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس (ڈی ایچ اے) کے ایک کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، جہاں وہ 2018 سے مقیم تھیں۔
پولیس اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش تقریباً 10 ماہ پرانی تھی اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ان کی موت اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہوئی تھی۔