ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے دوران شدید بارشوں نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 237 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں گزشتہ بارہ گھنٹے کے دوران 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش اسلام آباد کے علاقے سید پور میں ریکارڈ کی گئی جہاں 184 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسلام آباد ہی کے دوسرے علاقے گولڑہ میں 99 ملی میٹر، راولپنڈی میں 54 ملی میٹر اور چکلالہ میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے ضلع نارووال میں 62 ملی میٹر، سیاحتی مقام مری میں 42 ملی میٹر، جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں گڑھی دوپٹہ میں 75 ملی میٹر، مظفرآباد میں 62 ملی میٹر اور کوٹلی میں 57 ملی میٹر بارش ہوئی۔
حالیہ موسلا دھار بارشوں کے بعد پنجاب کے دریاؤں کی صورتحال خطرناک، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
خیبرپختونخوا کے ضلع بالاکوٹ میں 30 ملی میٹر اور پاراچنار میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان کے علاقے قلات میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جہاں 28 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔