نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں نالے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا، امدادی ٹیمیں دریا کے کنارے رات کے وقت بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد پیر کی سہ پہر سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب نیشبی علاقے زیر آب آگئے۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 5 میں کار سوار باپ اور بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے، پانی میں بہہ جانے والے دونوں افراد کو گاڑی سے مدد کے لیے پکارتے دیکھا جا سکتا ہے، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی ناکام کوشش کی، پانی کا بہاؤ تیز ہونے پر دونوں افراد کار سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ برساتی نالے میں بہہ جانے والے کار سوار شخص کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کے نام سے ہوئی جو اپنی 25 ساہ بیٹی کے ہمرا کار میں سوار تھے۔
پانی میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا، پانی کی سطح کم ہونے پر آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔
امدادی ٹیمیں دریا کے کنارے رات کے وقت بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ ریسکیو آپریشن کو 12 گھنٹوں سے زیادہ وقت گزر گیا، تاحال امدادی ٹیمیں باپ اور بیٹی کو تلاش کرنے میں ناکام ہیں۔
ریسکیو اداروں نے سواں پل کی جانب جانے والے راستے کی کھدائی شروع کردی، ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو آپریشن کا دائرہ کار بڑھا کر سواں تک کر دیا گیا، باپ بیٹی کی تلاش تک آپریشن جاری رہے گا۔