کوئٹہ میں کار سوار شخص کی مظاہرین پر فائرنگ، 4 افراد زخمی

0 minutes, 0 seconds Read

کوئٹہ میں کار سوار شخص کی مظاہرین پر فائرنگ، چار افراد زخمی ہوگئے، چاندنی چوک پر بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرے کے دوران شہریوں نے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، کار سوار نے زبردستی راستہ بنانے کی کوشش کی۔

کوئٹہ کے علاقے سٹلائٹ ٹاؤن چاندنی چوک کے مقام پر کیسکو کی کارروائیوں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔

احتجاج کے دوران ایک گاڑی سوار شخص نے زبردستی راستہ بنانے کی کوشش کی جس پر مظاہرین نے اسے روکنے کی کوشش کی اس دوران گاڑی سوار اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو شدت اختیار کرگئی۔

اسی دوران گاڑی میں موجود شخص نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 مظاہرین زخمی ہوگئے ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ مشتعل مظاہرین نے اس کی گاڑی کو آگ لگا دی۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Similar Posts