پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کی رہائی اور قیادت سنبھالنے کے حوالے سے بات کرنا قبل از وقت ہے، کیونکہ ان کے خلاف ابھی بھی پانچ سے چھ مقدمات زیر التوا ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہم سب اس وقت فسطائیت کا شکار ہیں، کسی کو بھی استثنا حاصل نہیں۔ اس لیے عوام کو کسی قسم کے غلط مفروضات قائم نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی منصوبہ ساز عدلیہ اور نظام کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں، وہ سب کے سامنے ہے۔
تحریک انصاف نے سزائیں ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا
سلمان اکرم راجا نے موجودہ عدالتی نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ نظام انصاف کا نہیں رہا بلکہ حملوں کا نظام بن چکا ہے، اور یہ صرف تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ ان کے مطابق یہ حالات اب پوری قوم کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں ایسی صورتحال میں خاموش نہیں رہتیں، بلکہ اس کا جواب دیتی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستانی قوم کیا ردعمل دیتی ہے۔
9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود قریشی سمیت 6 ملزمان بری، یاسمین راشد سمیت دیگر کو 10 سال قید کی سزا
آخر میں انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ شاہ محمود قریشی کی رہائی یا قیادت سنبھالنے کی بات ابھی قبل از وقت ہے کیونکہ ان کے خلاف متعدد مقدمات اب بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، اور ان کی فوری رہائی کے امکانات کم ہیں۔