گوشت کے بعد سبزیاں بھی ’لگژری‘ بن گئیں! قیمتیں سن کر ہوش اُڑ جائیں

0 minutes, 0 seconds Read

لاہور اور پشاور میں سبزیوں کی قیمتیں مسلسل آسمان کو چھو رہی ہیں، جس کے باعث یہ عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ پیاز، کدو اور بھنڈی سمیت دیگر سبزیوں کے دام روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو قابو میں لانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

اب مہنگائی نے سبزیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ لاہور اور پشاور میں روزمرہ استعمال کی سبزیاں عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور انتظامیہ کی بے حسی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

لاہور میں بھنڈی، کدو، میتھی اور پیاز سمیت تقریباً تمام سبزیاں مہنگی ہو چکی ہیں۔ مارکیٹ میں بھنڈی اور کدو 200 روپے فی کلو، ادرک 400، لہسن 350، اور ٹماٹر 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔

سبزی فروشوں کے پاس ریٹ لسٹ نہ ہونے کی شکایات عام ہیں، جبکہ شہری مختلف علاقوں میں الگ الگ نرخوں سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر روز قیمتیں بدلتی ہیں، انتظامیہ غائب ہے اور بارش کا بہانہ بنا کر دکاندار من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔

ادھر پشاور میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ سبزی منڈی میں ٹینڈے، کریلے اور کدو 100 روپے فی کلو، پیاز 80 روپے، جبکہ ٹماٹر کی قیمت 120 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ ٹماٹر کی قلت کے باعث بیشتر دکاندار افغانستان سے درآمد کرنے پر مجبور ہیں۔

سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ دیگر سبزیاں تو کسی حد تک دستیاب ہیں لیکن ٹماٹر کی سپلائی شدید متاثر ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ سبزی منڈی میں تو کچھ مناسب ریٹ مل جاتے ہیں لیکن ریٹیل مارکیٹ میں ہر دکاندار اپنی مرضی سے قیمتیں طے کر رہا ہے، جس سے عام آدمی سبزیاں خریدنے سے بھی قاصر ہوتا جا رہا ہے۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ فوری اقدامات کرتے ہوئے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائے، تاکہ مہنگائی کے اس طوفان میں عوام کو کچھ ریلیف میسر آ سکے۔

Similar Posts