9 مئی کیس میں 10، 10 سال کی سزا پانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل سامنے آگیا

0 minutes, 0 seconds Read

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں 10،10 سال کی سزا پانے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کا ردعمل سامنے آگیا۔

کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت کی جانب سے 9 مئی شیر پاؤ پُل کیس میں 10 سال کی سزا دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو خود آزاد نہ ہو وہ ہمیں کیا آزادی دے گا۔

یاسمین راشد نے مزید کہا کہ میں آج بھی وہیں کھڑی ہوں جہاں آج سے 2 سال پہلے کھڑی تھی اور اپنے مقصد، نظریے یا جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹوں گی۔

سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لیے قربانی دے رہے ہیں اور ہماری قربانی آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ہم نظریاتی کارکن ہیں اج بھی اپنے نظریے پر قائم ہیں، یہ سزائیں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ بانی پی ٹی ائی حق کو سچ پر کھڑے ہیں ہم اس لڑائی میں ان کی شانہ بشانہ ہیں، حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے اس اقدام سے نفرت مزید بڑھے گی۔

دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت میں قران مجید پر حلف دینے کو تیار تھا کہ نو مئی واقعات میں میرا کوئی کردار نہیں ہے، عدالتی فیصلے میں رہائی کی خبر سن کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ساتھیوں کی سزاؤں کا سن کر دل رنجیدہ ہے میری طرح دیگر ساتھی بھی بے قصور ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو عدالتوں سے سزا کے بعد کی صورتحال پر پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کی صدارت ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کر رہے ہیں۔

اجلاس میں عدالتی فیصلوں کے بعد کی صورتحال اور رہنماؤں سے اظہار یکحتی اور اعلی عدالت میں فیصلے چیلنج کرنے پر مشاورت جاری ہے۔

لاہور اور سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن رہنماؤں کو سزا سنائی، اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر اور یاسمین راشد کی عدالت نے 10 سال سزا سنائی جبکہ محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو بھی نو مئی کیسز میں سزا سنائی گئی۔

Similar Posts