پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں علامہ اقبال ٹاؤن میں تینتالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ چکوال، کلرکہار، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد و دیگر اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج مزید موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا، این ڈی ایم اے کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں دس افراد جاں بحق ہوئے اور13 زخمی ہوئے۔ 26 جون سے اموات 252 ہو گئیں۔
لاہور میں صبح سے جاری بارش کے تین اسپیل کے دوران ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور ایک بچی زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گرنے والی چھت لکڑیوں اور مٹی سے بنی ہوئی تھی، جو بارش کے باعث کمزور ہو کر منہدم ہو گئی۔ حادثے کے وقت دونوں افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی خاتون اور بچی کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ٹاؤن میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ چکوال، کلرکہار، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آج مزید موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے مختلف واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے، جس کے بعد رواں سیزن (26 جون سے اب تک) جاں بحق افراد کی تعداد 252 ہو گئی ہے۔