کراچی کےعلاقے مومن آباد میں پولیس اہلکاروں کی رشوت خوری بے نقاب ہوگئی،پولیس اہلکاروں نے تلاشی کے بہانے شہریوں سے رقم بٹورنا شروع کردی،علاقہ مکینوں کی رشوت لیتے ہوئے وڈیو بنالی، پولیس افسران نے نوٹس لے کر دونوں اہلکاروں کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مومن آباد میں پولیس اہلکاروں کی رشوت خوری کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا۔ دو پولیس اہلکاروں نے تلاشی کے بہانے شہریوں سے رقم بٹورنا شروع کردی، تاہم علاقہ مکینوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی ویڈیو بنا لی، جس میں دونوں اہلکاروں کو رشوت لیتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ویسٹ زون کے پولیس افسران فوری متحرک ہوئے اور رشوت میں ملوث دونوں اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے کی مزید انکوائری جاری ہے اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔