اداکارہ اور گلوکارہ سوکی واٹر ہاؤس نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنی غیر موجودگی کی دلچسپ وجہ بیان کی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ چھ ماہ پہلے اتنی تنگ پتلون پہن بیٹھیں کہ انہیں ہرنیا ہو گیا ہے۔
اس ٹویٹ کے ساتھ انہوں نے دو تصویریں بھی شیئر کیں ایک میں وہ وہی تنگ پتلون پہنے نظر آئیں، جبکہ دوسری تصویر انہیں اسپتال کے بستر پر آئی وی کے ساتھ دکھائی دیں۔ اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی کہ کیا واقعی تنگ لباس ہرنیا کا سبب بن سکتا ہے؟
زنانہ پتلون پہننے والے مرد کو کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا؟ بالآخر خواتین کی جدوجہد مان گیا
ماہرین کے مطابق ہرنیا ایک ایسا طبی مسئلہ ہے جس میں پیٹ کی دیوار میں سوراخ یا کمزوری پیدا ہو جاتی ہے، جس کے ذریعے چربی یا آنت جیسا ٹشو باہر کی طرف نکل آتا ہے۔ یہ عموماً پیٹ، نالی یا پرانے آپریشن کے نشان والے علاقوں میں ظاہر ہوتا ہے۔
ہرنیا کے باعث متاثرہ حصے میں ابھار، درد یا دباؤ محسوس ہو سکتا ہے، اگرچہ کچھ کیسز میں کوئی خاص علامات بھی نظر نہیں آتیں۔
پیزا آرڈر جنگ کا اعلان؟ ”پینٹاگون پیزا انڈیکس“ کی حیرت انگیز کہانی!
کیا تنگ پتلون ہرنیا کی وجہ ہو سکتی ہے؟
اس سوال کا جواب ہے: ”نہیں“۔
ڈاکٹر شارلٹ ہورن، جو میو کلینک سے وابستہ ہیں، کہتی ہیں کہ تنگ کپڑے ہرنیا پیدا نہیں کرتے، ہاں البتہ اگر پہلے سے ہرنیا موجود ہو تو وہ اسے زیادہ نمایاں یا تکلیف دہ ضرور بنا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مارکونڈریا جیورجی، جو ہر سال سینکڑوں مریضوں کا علاج کرتے ہیں، کہتے ہیں کہ تنگ پتلون کا ہرنیا سے تعلق صرف اسی صورت میں ہو سکتا ہے اگر پہلے ہی پیٹ کی دیوار میں کمزوری ہو اور کپڑے اس پر دباؤ ڈالیں۔
ہرنیا کی وجوہات میں پیدائشی کمزوری، وزن کا بڑھنا، حمل، بار بار کھانسی یا قبض، سخت جسمانی مشقت، سرجری کے بعد کا اثر شامل ہیں۔
چھوٹے بچوں میں یہ پیدائشی طور پر بھی ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر وہ قبل از وقت پیدا ہوئے ہوں یا ان کے جسم میں جوڑنے والی بافتوں کی بیماریاں موجود ہوں۔
ہرنیا کا علاج اس کی شدت پر منحصر ہے۔ اگر ہرنیا تکلیف نہیں دے رہا تو اسے وقتی طور پر نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔
اگر درد، سوجن یا آنت پھنسنے کا خطرہ ہو، تو فوری سرجری کی ضرورت ہوتی ہے۔
کچھ مریضوں کو بائنڈر یا بیلٹ پہننے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ ہرنیا باہر نہ نکلے۔
سرجری میں سوراخ کو بند کرنے کے لیے ٹانکے یا خصوصی میش استعمال کیا جاتا ہے۔ کچھ کیسز میں یہ ایک دن کا معمولی عمل ہوتا ہے، لیکن بعض اوقات مریض کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے۔
احتیاطی تدابیر
وزن کنٹرول میں رکھیں۔
فائبر سے بھرپور غذا لیں۔
بھاری وزن اٹھانے میں احتیاط کریں۔
مسلسل کھانسی یا قبض کا علاج کروائیں۔
اگر ورزش یا کام کے دوران زیادہ دباؤ محسوس ہو تو سپورٹیو لباس پہنیں۔
سوکی واٹر ہاؤس کی کہانی دلچسپ ضرور ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ تنگ پتلون خود ہرنیا پیدا نہیں کر سکتی۔ اگرچہ یہ پہلے سے موجود مسئلے کو بڑھا سکتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر تنگ لباس خطرناک ہے۔
اگر آپ کو پیٹ میں کوئی ابھار یا درد محسوس ہو، تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔